تعلیم آج کی اہم ترین ضرورت ہے ۔اس کے بغیر مہذب معاشرے کی تشکیل و ترقی
کا تصور نہیں کیا جاسکتا ، اس لیے ہمیں اپنی نسل کی تعلیم وتربیت پر خاص
توجہ دینی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار آج جمیعت علماء ہند کے جنرل سکریٹری
مولانا محمود مدنی نے جمیعت کی جانب سے ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے والے طلبا
وطالبات کے لیے تعلیمی وظائف 2016-17کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایاکہ یہ وظائف میرٹ اور حیثیت کی بنیاد پر صرف پروفیشنل تعلیم:
ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، بی یو ایم ایس ، بی فارما ،انجینئرنگ، بی
ٹیک(سول الیکٹریکل ، الیکٹرونک کمپیوٹر )، سی اے، بی ایڈ کے طلبا کو دیے
جائیں گے۔ مزید اس کے اہل صرف وہی طلبا ہو ں گے جنھوں نے کم ازکم 60فی صد
نمبرات حاصل کیے ہیں۔ ضرورت مند طلبا مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند۔بہادر شاہ ظفرمارگ نئی دہلی۔2سے
تعلیمی وظائف فارم حاصل کرلیں یا پھرجمعیۃ کی ویب سائٹ سے ڈاون لوڈکریں
،اور فارم پر کرکے آخری تاریخ 6؍ فروری2017سے قبل جمیعت کے مرکزی دفتر میں
جمع کردیں۔
مولانا مدنی نے جمعیۃ علماء کے کارکنان اور اہل خیر حضرات سے ضرورت مندوں
کی ہر طرح سے مدد کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ خاص طور سے مسلمانوں میں
تعلیمی بیداری لانے اور ایک وقت بھوکا رہ کر اپنے بچوں کو پڑھانے کا جذبہ
پیدا کرنے کی مہم چلائیں۔